اسلام آباد(اے این این )وفاقی حکومت نے سابق صدر آصف علی زرداری کیخلاف امریکہ میں مبینہ فلیٹ کے حوالے سے درخواست دائر کرنے کی تیاریاں شروع کردیں جبکہ سابق صدر کیخلاف بے نامی اکاؤنٹس سمیت مزید5کیسوں کو بھی سامنے لایا جائے گا ۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے امریکہ میں مبینہ اپارٹمنٹ کا انکشاف اور وزیراطلاعات کے اعلان کے بعد حکومت نے درخواست دائر کرنے کیلئے تیاریاں شروع کردی ہیں اور آصف زرداری کے خلاف بے نامی اکاؤنٹس سمیت مزید پانچ کیس سامنے لائے جانے کا امکان ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے کاغذات نامزدگی میں کہا ہے کہ ان کا بیرون ملک صرف ایک پلاٹ ہے، دبئی میں الصفا سیکنڈ کے نام سے اس پلاٹ کی مالیت 9 کروڑ 97 لاکھ روپے ظاہر کی گئی ہے، آصف زرداری کے مطابق ان کا بیرون ملک نہ تو کوئی کاروبار ہے نہ ہی بینک اکاؤنٹ۔کاغذات نامزدگی کے مطابق آصف علی زرداری کے پاس کلفٹن کراچی اور نواب شاہ کا گھر، ڈی ایچ اے کراچی میں پلاٹ، ہزاروں ایکڑ زرعی زمین ان کے اثاثوں میں شامل ہیں۔ 6 بلٹ پروف لگژری گاڑیاں، 99 لاکھ روپے مالیت کے گھوڑے اور جانور بھی ان کی ملکیت ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کے امریکی اپارٹمنٹ کا کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ ہونا ان کے لئے کئی قانونی مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔