اسلام آباد (این این آئی) بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ نے کہاہے کہ اپنے والد کے بیان پر تبصرہ نہیں کرونگی ،وہ بہترین باپ اورکھلے دل کے مالک ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ فلم ساز مہیش بھٹ نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ جانتا ہوں چھوٹی بیٹی عالیہ بھٹ ساتھی اداکارہ رنبیر کپور سے محبت کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت دیگر افراد کو عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے تعلقات کو سمجھنے کیلئے کسی خاص بات یا اشارے کی ضرورت نہیں۔مہیش بھٹ نے کہا تھا کہ مجھے ذاتی طور پر رنبیر کپور بہت پسند ہے، وہ محنتی اور اچھا لڑکا ہے، تاہم میں اس حوالے سے عالیہ بھٹ پر اپنی مرضی نہیں تھونپوں گا۔ انہوں نے کہا کہ جب میں جوان تھا تو میں نے بھی کسی سے محبت کی تھی اور میں بھی یہ نہیں چاہتا تھا کہ کوئی مجھے اس حوالے سے مشورہ دے۔ انہوں نے کہا کہ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور ایک دوسرے سے گہری محبت کرتے ہیں، تاہم انہوں نے ان کی شادی کے حوالے سے کوئی بھی بات نہیں کی۔ فلم کلنک کی شوٹنگ کے بعد ممبئی واپس پہنچنے پر ان سے والد کی جانب سے کہی جانیوالی بات پر جب صحافیوں نے عالیہ بھٹ سے سوال کیا تو وہ شرمسار ہوگئیں اور مختصر جواب دیتے ہوئے کہا کہ اپنے والد کے بیان پر کوئی تبصرہ نہیں کرونگی ،کیوں کہ میں شرمندگی محسوس کر رہی ہوں۔ انہوں نے اپنے والد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بہترین اور کھلے دل کے مالک ہیں۔