اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سندھ کے بعد پنجاب اور کے پی کے میں بھی اربوں روپے کے بے نامی اکاؤنٹس کا سراغ لگالیا،سندھ میں 235ارب،پنجاب میں 73.70ارب جبکہ کے پی کے میں 49ارب روپے کے بینک اکاؤنٹس کا سراغ لگایا گیا۔ ایف آئی اے کی طرف سے 100روزہ کارکردگی کے حوالے سے وزارت داخلہ کو ارسال کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ میں مجموعی طور پر 357.70ارب روپے کے بے نامی اکاؤنٹس
کا پتہ چلایا گیا ہے جن میں سندھ کے235ارب،پنجاب کے73.70ارب جبکہ خیبرپختونخواکے49ارب روپے کے بینک اکاؤنٹس شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق دبئی میں پاکستانیوں کی 54.50ارب روپے کی850جائیدادوں کا پتہ بھی لگایا گیا جبکہ 34ارب روپے کی گیس چوری پکڑی، جس کی متعلقہ محکمہ ریکوری کررہا ہے،ایف آئی اے نے گزشتہ 100روز کے دوران مختلف نوعیت کی 49انکوائریاں،46تحقیقات کر کے 70افراد کو گرفتار کیا جبکہ 63جائیدادیں ضبط کی گئیں۔