اسلام آباد(این این آئی) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے یکم دسمبر سے موبائل فون تصدیقی نظام لاگو کرنے کا فیصلہ کرلیا۔پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یکم دسمبر سے قبل پاکستانی نیٹ ورک پر موجود موبائل کام کرتے رہیں گے ۔بیان میں کہا گیا کہ یکم دسمبر کے بعد نان کمپلائنٹ موبائل فون اِن میں موجود سم کے ساتھ منسلک کر دیئے جائیں گے جبکہ نان کمپلائنٹ آئی ایم ای آئی والے نئے موبائل فون کام نہیں کر پائیں گے۔
پی ٹی اے نے کہا کہ صارفین اپنے بند فونز میں یکم دسمبر سے قبل سم ڈالیں اور ایک میسج یا کال کریں، میسج یا کال کرنے سے موبائل فون کی سروس یکم دسمبر کے بعد چلتی رہے گی جبکہ ‘ویلِڈ’ کا میسج موصول ہونے والوں کو یکم دسمبر تک کمپلائنٹ کیٹگری میں شامل کر لیا جائے گا۔اتھارٹی نے کہا کہ پی ٹی اے عوام میں آگاہی کے لیے مہم جاری رکھے ہوئے ہے اور عوام کو ایس ایم ایس کے ذریعے آگاہی دی جا رہی ہے۔