اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) کرپشن میں ملوث افراد کو سزائے موت دینے کا مجوزہ بل تیار کر لیا گیا، قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائیگا۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں کرپشن میں ملوث افراد کو سزائے موت دینے کا مجوزہ بل تیار کر لیا ہے جو کہ قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائیگا ۔یہ بل جمعیت علماء اسلام کی رکن قومی اسمبلی عالیہ کامران نے تیار کیا ہے
جس میں کرپشن کی کم سے کم سزا بھی 7سال قید سے بڑھا کر 14 سال کرنے اور نیب قوانین 1999 اور انسداد کرپشن ایکٹ 1947 میں ترمیم تجویز کی گئی ہے۔ مجوزہ بل میں کہا گیا ہے کہ کرپشن پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اس لیے بدعنوانی کی روک تھام کے لیے سزا سخت کی جائے۔ بل قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پیش کر دیا جائے گا۔اس حوالے سے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی صداقت عباسی کا کہنا تھا کہ یہ بل پاس ہو گیا تو قومی اسمبلی سے دو پارٹیاں خالی ہو جائیں گی کیونکہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی میں تو سب لوگوں کو ہی سزا دینی پڑے گی ۔ صداقت عباسی نے کہا کہ اس حوالے سے سنجیدہ بات یہ ہے کہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہونا چاہئے کرپشن پر سزائے موت ہو یا نہ ہو لیکن اس پر سخت سے سخت سزا ہونی چاہئےاور ملک کا پیسہ لوٹنے والوں کو عبرت کا نشان بنانا چاہئے۔خیال رہے کہ حکمران جماعت پی ٹی آئی ملک میں کرپشن کے خلاف ووٹ لیکر آئی ہے اور اس نے اس حوالے سے اپوزیشن کی جماعتوں پر شدید تنقید بھی جاری رکھی ہوئی ہے تاہم عملی طور پر حکمران جماعت کے بجائے اپوزیشن کی اہم جماعت جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے اس اقدام نے کرپشن کے خلاف عملی اقدامات اٹھانے کا اعزاز اس کی جھولی میں ڈال دیا ہے۔ دیکھنا اب یہ ہے کہ کیا حکمران جماعت اور اپوزیشن کی دیگر جماعتیں اس بل کی حمایت کریگی یا نہیں؟۔