کراچی(نیوز ڈیسک)پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے پی آئی اے میں گاڑیوں کے غیر ضروری استعمال پر پابندی عائد کردی ہی جبکہ ایک سے زائد گاڑیاں استعمال کرنے والے افسران کی فہرست مرتب کرلی گئی۔تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے سی او نے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر کفایت شعاری مہم شروع کردی،ایئرمارشل ارشد ملک نے ادارے کے تمام
افسران پر گاڑیوں کے غیر ضروری استعمال پر پابندی عائد کردی ہے۔جن افسران کے زیر استعمال ایک سے زائد گاڑیاں ہیں ان کی فہرست مرتب کی جارہی ہے، اس سلسلے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کی واپسی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔یونین اور ایسوسی ایشن افسران گاڑیوں کا ناجائز استعمال کررہے تھے، اس کے علاوہ غیر استعمال شدہ گاڑیوں کو نیلام کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے، جس سے پی آئی اے کے اخراجات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ذرائع کے مطابق گاڑیوں کے استعمال پر ماہانہ لاکھوں روپے فیول کے اخراجات ہورہے تھے، پی آئی اے کے سی ای او نے دفتری ماحول کو بہتر بنانے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی افسر سی بی اے یونین یا ملازمین دفاتر میں کھانا نہیں کھائیں گے، تمام افسران و ملازمین دوپہر کا کھانا کیفے ٹیریا میں کھائیں گے، دفاتر میں کوئی افسر کھانا کھاتے ہوئے پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔واضح رہے کہ وزارت دفاع نے پاک فضائیہ کے سربراہ کی ریٹائرمنٹ کے پیش نظر نئے ایئر چیف مارشل کے لیے 4 نام وزیراعظم کو بھجوائے تھے جن میں ایئرمارشل فاروق حبیب، مجاہد انور، ارشد ملک اور عاصم ضمیر کے نام شامل تھے ۔جن پر غورو حوض کے بعد وزیراعظم نے مجاہد انور کو ائیر چیف کے عہدے کیلئے منتخب کیا تھا ۔ ارشد ملک کی ریٹائرمنٹ کے بعد حکومت نے ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے انہیں پی آئی اے کے سی ای او کو ذمہ داری سونپی ہے ۔ ارشد ملک نے پی آئی اے کی ذمہ داری سنبھالتے ہی اقدامات کرنا شروع کر دئیے ہیں۔