اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر تحریک انصاف اور اس کی اتحادی جماعتوں کے ارکان قومی اسمبلی نے اپنے انتخابی حلقوں میں موجودہ مالی سال کے دوران 15،15کروڑ روپے کی ترقیاتی سکیموں کی درخواستیں وزیردفاع پرویز خٹک کے پاس جمع کرا دیں جنہیں ابھی تک پرویز خٹک نے وزیراعظم عمران خان کو نہیں بھجوایا جس پر ارکان اسمبلی نے یہ معاملہ
ایک مرتبہ پھر وزیراعظم کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے اور قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں ترقیاتی سکیموں کے معاملے پر مثبت پیش رفت نہ ہونے پر وزیراعظم سے بات کی جائے گی ۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے گزشتہ اجلاس کے موقع پر پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ارکان کے مطالبے پر وزیراعظم عمران خان نے ہر رکن قومی اسمبلی کیلئے15کروڑ روپے ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی تھی اور ارکان سے کہا تھا کہ وہ اپنی سکیمیں باضابطہ طور پر وزیردفاع پرویز خٹک کے پاس جمع کرا دیں جس پر تحریک انصاف کے علاوہ مسلم لیگ (ق) ، ایم کیو ایم ، نیشنل پارٹی بلوچستان مینگل اور آزاد ارکان نے اپنی ترقیاتی سکیمیں وزیردفاع پرویز خٹک کے پاس جمع کرا دی ہیں جنہیں ابھی تک پرویز خٹک نے وزیراعظم عمران خان کو نہیں بجھوایا ۔ گزشتہ روز کئی ارکان اسمبلی وزیر دفاع کے پاس گئے اور ان سے استفسار کیا کہ ان کی ترقیاتی سکیمیں وزیراعظم کو باضابطہ منظوری کیلئے کب بجھوائی جائیں گے جس پر وزیردفاع کا مؤقف تھا کہ کچھ ارکان نے ابھی تک ترقیاتی سکیمیں جمع نہیں کرائیں جو نہی تمام ارکان کی ترقیاتی سکیمیں موصول ہو جائیں گی انہیں وزیراعظم کے پاس بجھوا دیا جائے گا ۔