اسلام آباد(آن لائن)دہشت گردی کے حالیہ واقعات نے ملک میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا پیغام دیدیا ہے، قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے نئی حکمت عملی اپناتے ہوئے ملک دشمن عناصر کیخلاف کمرکس لی ہے ۔بھارت کے ساتھ روابط رکھنے والی تنظیموں و افراد کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات شروع کردیئے گئے ۔انتہائی معتبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ کراچی میں چینی قونصلیٹ پر دہشت گردانہ حملے اور اورکرزئی ایجنسی میں ہونیوالے دہشت گردانہ حملے کے بعد قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے نیشنل ایکشن پلان پر پھر
سے بھرپور انداز میں عمل درآمد شروع کردیا ہے اور اس حوالے سے پنجاب ، سندھ کے متعدد علاقوں میں بھرپور کارروائیاں کرنے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا ہے ۔ قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے نئی حکمت عملی کے تحت چند ملک دشمن عناصر کیخلاف حتمی کارروائی شروع کردی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں حالیہ فورسز کی کارروائیوں سے ملک دشمن جماعتیں بی ایل اے ، یو بی اے ، بی آر اے اور پی ایل ایف جیسے گروہ سندھ میں شفٹ ہو گئے ہیں جس کے باعث انہیں مذموم کارروائیوں کی حکمت عملی تیار کرنے میں مدد ملی ہے ۔