مردان(آئی یان پی ) مردان پولیس نے بھائی کی غلطی پر بہن کو سوارہ میں دیے جانے پر کارروائی کرتے ہوئے لڑکی کو بازیاب کرا کے لڑکی کے بھائی سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔معروف سماجی کارکن ثمرمن اللہ اور رخشندہ ناز نے مردان میں پیش آنے والے واقعے کی شدید مذمت کی۔ ثمر من اللہ نے کہا کہ سوارہ ایک غیرقانونی، غیر اسلامی اور ظالمانہ رسم ہے جس کے مطابق مرد کی غلطی کی سزا عورت کو دے دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوارہ جیسی ظالمانہ رسموں
کہ ذمہ دار ہماری سوسائٹی ہے جو سوارہ اور اس جیسی کئی رسموں کے خلاف آواز نہیں اٹھاتی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنا کام کیا لیکن عوام بھی ایسے واقعات کی اطلاع پولیس کو دیں تاکہ ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔رخشندہ ناز نے کہا کہ یہ پہلا کیس نہیں ہے، اس سے قبل بھی اس قسم کے کئی واقعات سامنے آچکے ہیں۔ سپریم کورٹ نے ایسے واقعات کی نشاہدہی اور روک تھام کے لیے کمیٹی بنائی تھی جو ابھی تک آپریشنل نہیں ہو سکی۔