جارجیا(مانیٹرنگ ڈیسک) کیا آپ کو بہت زیادہ غصہ آتا ہے؟ کہیں آپ کا قد چھوٹا تو نہیں؟ کیونکہ حال ہی میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق پستہ قد افراد زیادہ غصیلے ہوتے ہیں۔ امریکی ریاست جارجیا کے سینٹر آف ڈیزیز کنٹرول میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق چھوٹے قد کے افراد زیادہ غصیلے اور پر تشدد ہوتے ہیں۔ مذکورہ تحقیق کے لیے 18 سے 50 سال کے درمیان 600
افراد کے رویوں اور مزاج کی جانچ کی گئی۔ ماہرین کے مطابق مردانہ قد و قامت اور ساخت کے روایتی تصور سے ہٹ کر جسمانی ساخت رکھنے والے افراد میں جرائم اور تشدد کرنے کا ارتکاب زیادہ ہوسکتا ہے۔ بعض لوگ بھوکے ہو کر غصہ میں کیوں آجاتے ہیں؟ اس سے قبل آکسفورڈ یونیورسٹی میں بھی ایک تحقیق کی گئی تھی جس میں کہا گیا کہ ’شارٹ مین سنڈروم‘ حقیقت میں ایک عارضہ ہے جس میں چھوٹے قد کے افراد مختلف دماغی عارضوں میں مبتلا ہوسکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق جب کسی شخص کا قد چھوٹا ہوتا ہے تو فطری طور پر اس میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ جاتا ہے۔ اسے فرانسیسی سپہ سالار نپولین کی نسبت سے ’نپولین کمپلیکس‘ بھی کہا جاتا ہے۔ اٹھارویں صدی کا یہ سپہ سالار پستہ قد، نہایت غصیلا اور جنگجو تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ غصہ ہماری جسمانی صحت کے لیے سب سے زیادہ خطرناک جذبہ ہے۔ یہ ہمیں ذہنی طور پر شدید دباؤ میں مبتلا کرسکتا ہے، دل کی دھڑکن، نبض اور فشار خون کو اچانک بلندی پر پہنچا دیتا ہے جس سے فوری طور موت واقع ہونے کا خدشہ بھی ہوتا ہے۔