لاہور (این این آئی) اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے آئی جی پنجاب کے تبادلے کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کے احکامات واپس لینے کیلئے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا۔گزشتہ روز وفاقی حکومت نے آئی جی پنجاب طاہر خان کو اچانک عہدے سے ہٹاکر ان کی جگہ سابق آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی کو تعینات کیا جس کے چند گھنٹے بعد ہی الیکشن کمیشن نے آئی جی پنجاب کی تعیناتی کا حکومتی نوٹی فکیشن معطل کردیا۔نجی ٹی وی کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن نے آئی جی پنجاب کے تبادلے پر حکومتی نوٹی فکیشن معطل کرنے کے احکامات واپس لینے کیلئے الیکشن کمیشن
کو خط لکھا ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا 3 ستمبر کا حکم صوبے کے پولیس چیف کو تبدیل کرنے میں رکاوٹ نہیں، ضمنی الیکشن کے اضلاع میں تقرر و تبادلے سے الیکشن کمیشن نے منع کیا تھا جبکہ آئی جی پنجاب کا تبادلہ صوبے کی مشاورت سے طریقہ کار کے مطابق کیا گیا۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی الیکشن کے دوران آئی جی پنجاب کے تبادلے کو احکامات کی خلاف ورزی قرار دیا گیا جبکہ حکومت نے اسے درست اقدام قرار دیتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ آئی جی پنجاب کو حکومتی ٹاسک پورا نہ کرنے پر ہٹایا گیا۔



















































