لاہور(این این آئی) حکومت پنجاب نے سگریٹ نوشی پر پابندی پرسختی سے عملدرآمد کرانے کیلئے تمام محکموں کے سربراہان، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کوہدایات جاری کر دی ہیں۔ محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے انسداد تمباکو نوشی آرڈیننس 2002پرعملدرآمدیقینی بنانے کیلئے اقدامات کے حوالے سے سرکلر جاری کر دیا۔ تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ عوامی مقامات، تعلیمی
اداروں اور مسافر گاڑیوں میں سگریٹ نوشی پر پابندی پرسختی سے عملدرآمدکرایا جائے۔عوامی مقامات پرتمباکو نوشی منع ہے کے بورڈ آویزاں کئے جائیں۔تعلیمی اداروں کے اردگرد50میٹر کے ایریا میں سگریٹ کی فروخت کی ممانعت ہے۔18سال سے کم عمر بچوں کو سگریٹ فروخت نہیں کی جاسکتی۔انسداد تمباکو نوشی آرڈیننس2002 کے تحت خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو جرمانہ اور قید کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔