لاہور( این این آئی) ممتاز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان نے کہا ہے کہ عوام نے عمران خان کو منتخب کیا ہے اس لئے انہیں کام کرنے کا موقع ملنا چاہیے ،اگر پی ٹی آئی خیبر پختوانخواہ میں ڈلیور نہ کرتی تو انہیں کبھی بھی دوبارہ حکومت نہ ملتی ،مجھے صدر بنانے کے حوالے سے سوشل میڈیا پراگر کوئی مہم چل رہی ہے تو اس کا ہرگز علم نہیں لیکن جو انسان کے مقدر میں ہوتا ہے وہ اسے ملتا ہے ۔
’’ این این آئی ‘‘ سے ٹیلیفون پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عبد القدیر خان نے کہا کہ عام انتخابات کے نتیجے میں ملک میں تبدیلی آئی ہے ۔ عمران خان نے اس سے پہلے مرکز میں کبھی حکومت نہیں کی لیکن عوام نے انہیں منتخب کیا ہے اس لئے انہیں کام کرنے کا بھرپور موقع ملنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے خیبر پختوانخواہ میں پہلی بار حکومت بنائی اور ڈلیور کیا ۔ اگر انہوں نے کام نہ کئے ہوتے تو عوام انہیں کیوں دوبارہ منتخب کرتے ۔ اگر ان کی کارکردگی نہ ہوتی تو جس طرح عوام نے نواز شریف کے بیانیے کو مسترد کیا ہے انہیں بھی گھر بھجوا دیتے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس پڑھی لکھی اچھی ٹیم ہے اوروہ یقینی طور پر کارکردگی دکھائیں گے جبکہ نواز شریف نے زیادہ چمچے رکھے ہوئے تھے ۔ انہوں نے اس سوال کہ سوشل میڈیا میں آپ کو صدر بنانے کے حوالے سے مہم چل رہی ہے جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے اس کا علم نہیں ،پاکستانی مجھ سے محبت کرتے ہیں او ریہ ان کی خواہش ہو سکتی ہے ۔ میری بھی خواہش ہے کہ میں ملک و قوم کی خدمت میں ہاتھ بٹاؤں لیکن جو انسان کے مقدر میں ہوتا ہے وہ اسے ملتاہے ۔ ممتاز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان نے کہا ہے کہ عوام نے عمران خان کو منتخب کیا ہے اس لئے انہیں کام کرنے کا موقع ملنا چاہیے ،اگر پی ٹی آئی خیبر پختوانخواہ میں ڈلیور نہ کرتی تو انہیں کبھی بھی دوبارہ حکومت نہ ملتی ،مجھے صدر بنانے کے حوالے سے سوشل میڈیا پراگر کوئی مہم چل رہی ہے تو اس کا ہرگز علم نہیں لیکن جو انسان کے مقدر میں ہوتا ہے وہ اسے ملتا ہے ۔