لاہور(آئی این پی)لیگی رہنماؤں اورکارکنوں کی گرفتاریوں کیخلاف درخواست پرسماعت کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ نے غیرقانونی حراست میں لوگوں کو جمعہ کی دوپہر 2بجے تک رہاکرنے کا حکم دیدیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق لیگی رہنماؤں اورکارکنوں کی گرفتاریوں کیخلاف درخواست پرسماعت لاہور ہائیکورٹ میں ہوئی۔ اس موقع پر عدالتی حکم پر ہوم سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کلیم امام عدالت میں پیش ہوئے۔
جسٹس انوارلحق نے ریمارکس دیئے کہ کیاآپ کے پاس ان افراد کی کوئی لسٹ ہے جنہیں آپ نے حراست میں لیا جس پر ہوم سیکرٹری پنجاب کا کہنا تھا کہ 141 افراد کو حراست میں لیا گیا۔عدالت کا کہنا تھا کہ جن افراد کو حراست میں لیا گیا ان کی لسٹ فوری عدالت میں دیں۔آئی جی پنجاب کلیم امام نے عدالت میں موقف اپنایا کہ دہشت گردی کے پیش نظر گرفتاریاں کی گئی ہیں جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ ایسی کوئی حرکت نہیں ہونی چاہیے جس سے سسٹم خراب ہو اور جولوگ غیرقانونی حراست میں ہیں انہیں آج 2بجے تک رہاکیاجائے۔