واشنگٹن(این این آئی)امریکی حکومت نے یمن کے ایران نواز حوثی باغیوں پر اقوام متحدہ کے امن مندوب کے ساتھ بامقصد بات چیت پر زور دیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق وائیٹ ہاؤس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ حوثی باغیوں کا بحر الاحمر میں ترکی کے مال بردار جہاز پرمیزائل حملہ باعث تشویش ہے۔بیان میں کہا گیا کہ حوثی باغیوں نے ساحل سمندر سے 70 کلو میٹر دور ترکی کے ایک تیل بردار جہاز جس پر 50 ہزار ٹن گندم
لادی گئی تھی اور اسے الحدیدہ بندرگاہ پر لایا جا رہا تھا کو حملے سے نشانہ بنا کرخوف وہراس پھیلانے کی کوشش کی گئی ،بیان میں کہا گیا کہ عالمی پانیوں میں کسی ترک بحری جہاز کو نشانہ بنانا اس بات کا ثبوت ہے کہ حوثی باغی سلامتی کونسل کی قرارداد 2216 کی مسلسل خلاف ورزی کررہے ہیں۔ امریکی حکومت نے حوثیوں پر زور دیا کہ یمن میں دیر پا قیام امن کے لیے اقوام متحدہ کے فریم ورک کے مطابق بامقصد بات چیت کریں۔