لندن (این این آئی)انگلینڈ کے کرکٹر الیسٹر کک نے کہا ہے کہ ٹیم کا پہلی اننگز میں 184 رنز پر آؤٹ ہونا افسوسناک ہے۔ لارڈز ٹیسٹ کے پہلے دن کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے الیسٹر کک کا کہنا تھا کہ لارڈز کی پچ پر پاکستان کے بولرز کی لائن و لینتھ شاندار تھی۔انہوں نے تسلیم کیا کہ انگلش بیٹس مینوں نے شارٹ کھیلتے
ہوئے غلطیاں کیں جس کا نتیجہ انہیں اپنی وکٹ گنوا کر اٹھانا پڑا۔انہوں نے کہاکہ انگلش ٹیم کو کم ازکم 270 رنز کرنے چاہیے تھے اور 184 رنز پر آوٹ ہونا افسوس ناک ہے، ابھی چار دن کا کھیل باقی ہے اور دوسرے دن کے پہلے سیشن کا کھیل اہمیت کا حامل ہوگا جہاں انگلینڈ کے بولرز جلد وکٹیں حاصل کر کے پاکستان ٹیم کو دباؤ میں لانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔