اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ وفاقی کابینہ نے فاٹا اصلاحات پر فوری عملدرآمد کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں 27 نکاتی ترمیمی ایجنڈا پیش کیا گیا۔ کابینہ اجلاس میں فاٹا اصلاحات کو ایجنڈے پر سرفہرست رکھا گیا تھا۔ وفاقی کابینہ نے اسلحے کی کمرشل امپورٹ کی پالیسی میں بھی ترمیم کی منظوری دی جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)
کو وزیراعظم آفس کے ماتحت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ا سلام آباد میں میڈیکل سٹی بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا، پاکستان سافٹ ویئرایکسپورٹ بورڈ کے نئے ایم ڈی کی تقرری اور ایچ بی ایف سی کے ایم ڈی کےتقرر کیلئے قواعد وضوابط کی منظوری بھی دیدی گئی۔ وفاقی کابینہ اجلاس میں فاٹا کے خیبرپختونخواہ میں فوری انضمام کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے مطابق فاٹا کو فوری طور پر خیبرپختونخواہ میں ضم کر دیا جائے گاجبکہ انضمام کے وقت کا تعین کا اختیار وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو سونپ دیا گیا۔