ہرارے(مانیٹرنگ ڈیسک)زمبابوین کرکٹرز نے اپنے بورڈ کو واجبات کلیئر نہ ہونے پر آسٹریلیا اور پاکستان کے خلاف سیریز کھیلنے سے انکار کی دھمکی دی ہے۔کھلاڑیوں کے وکیل گیرالڈ ملاٹشا نے زمبابوے کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی کو معاملے سے تحریری طور پر آگاہ کیا ہے جس میں بورڈ کو 16 مئی تک وضاحت کرنے کا کہا ہے کہ کب تک رقوم ادا کی جائیں گی۔ کئی کرکٹرز کو 2017 میں دورہ سری لنکااور اس کے بعد ادائیگیاں نہیں ہوئیں اور ان کے 60 ہزار ڈالر سے زائد کی رقم بورڈ کے ذمہ ہے۔
کئی ماہ سے رقوم کی عدم ادائیگی سے پریشان کرکٹرز کا کہنا ہے کہ اگر بورڈ نے اس حوالے سے سٹینڈ نہ لیا اور ادائیگی کے حوالے سے ٹائم فریم نہ دیا تو وہ آسٹریلیا اور پاکستان کے خلاف سیریز کا بائیکاٹ کر سکتے ہیں۔واضح رہے کہ آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے ممالک میں زمبابوین کرکٹرز ہی مالی طور پر سب سے زیادہ غیرمستحکم ہیں ، ان کے مالی مسائل کافی پرانے ہیں تاہم کرکٹرز پہلی مرتبہ اپنے واجبات کے لئے متحد ہو کر بورڈ کے خلاف کھڑے ہوئے ہیں۔