ریاض(این این آئی)سعودی عرب نے ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ وہ امریکا کے ایران کے ساتھ جوہری سمجھوتے سے انخلا کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قلّت سے بچاؤ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے توانائی ، قدرتی وسائل اور صنعتوں کے وزیر خالد الفالح نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ وہ تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم
( اوپیک ) کی صدارت ، روس اور امریکا سے قریبی رابطے میں ہیں اور وہ آیندہ چند روز میں تیل پیدا کرنے والے اور بڑے صارف ممالک سے بھی رابطے کریں گے تاکہ تیل کی مارکیٹ میں استحکام کو یقینی بنایا جاسکے۔قبل ازیں سعودی عرب کی تیل کی وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ مملکت اوپیک کے رکن اور غیر رکن ممالک کے علاوہ بڑے صارفین کے ساتھ مل کر تیل کی سپلائی کو برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی ،تاکہ امریکا کی جوہری سمجھوتے سے علیحدگی کے بعد تیل کی مارکیٹ پر کسی قسم کے اثرات مرتب نہ ہوں ۔سعودی وزارت تیل کا بیان مزید کہنا تھا کہ مملکت تیل کی عالمی مارکیٹ میں استحکام اور تیل پیدا کرنے والے ممالک اور صارفین کے مفادات کے تحفط کے لیے پْر عزم ہے۔