لندن (این این آئی)پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے پاکستان میں پہلی مرتبہ عالمی باکسنگ متعارف کرانے کے دوسال بعد لیگ کی بنیاد پر باکسنگ کو پاکستان لانے کا اعلان کردیا۔عامر خان نے ایک ویڈیو میں کہا کہ میں پاکستان میں رواں سال سپر باکسنگ لیگ لا رہا ہوں اور اس کو اگلی نسل کے باکسرز کو دکھائیں گے۔انھوں نے کہا کہ یہ ایک مہینہ طویل ٹورنامنٹ ہوگا ۔
جو واقعی میں شاندار ہوگا اور یہاں پر پاکستانی ٹیلنٹ کو دیکھنے کیلئے پرعزم ہوں۔عالمی شہرت یافتہ باکسرنے کہاکہ یہ یاد گار لمحہ ہوگا، مجھے یقین ہے کہ ہمارے پاس بے پناہ ٹیلنٹ ہے لیکن کسی نے اس کی نشان دہی نہیں کی اور امید ہے کہ 2018 پاکستانی باکسرز کے لیے ایک بڑا سال ہوگا۔انھوں نے سپرلیگ کے حوالے سے بتایا کہ یہ باکسنگ لیگ بھی کرکٹ کی پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) سے مختلف نہیں ہوگی۔عامر خان نے ویڈیو میں کہا کہ میں نے ٹیموں کے نام بھی تجویز کیے ہیں جن میں اسلام آباد کنگز، لاہور جائنٹس، کراچی ڈیولز، فیصل آباد فالکنز، ملتان تھنڈرز، پشاور ویرئرز اور کوئٹہ اسٹارز شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہر ٹیم میں 6 باکسرز ہوں گے جن میں سے 5 مرد اورایک خاتون باکسر ہوں گی۔