لاہور ( این این آئی) دورہ انگلینڈ سے قبل پاکستانی ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے اور اسٹار لیگ اسپنر یاسر شاہ کولہے کی انجری کے سبب آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سعید اجمل کا بالنگ ایکشن غیرقانونی قرار دیئے جانے کے بعد سے یاسر شاہ ٹیسٹ میچوں میں پاکستانی ٹیم کے سب سے کامیاب بالر رہے ہیں اور 2014ء سے اب تک 28ٹیسٹ میچوں میں 165وکٹیں لے کر پاکستان کی جیت میں مرکزی کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
چیف سلیکٹر انضمام الحق نے آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دوروں کے دوران لیگ اسپنر کی عدم دستیابی کی تصدیق کر دی ہے۔انضمام الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یاسر شاہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دوروں سے باہر ہو گئے ہیں جو ہماری ٹیم کے لیے بڑا دھچکا ہے۔میڈیکل رپورٹس میں یاسر شاہ کی کوہلے کی ہڈی میں اسٹریس فریکچر کا انکشاف ہوا ہے اور انہیں انجری سے بحالی کے لیے کم از کم 4سے 6ہفتے درکار ہیں۔انضمام نے کہا کہ اس خلاء کو پر کرنے کے لیے نوجوان لیگ اسپنر شاداب خان، آف اسپنر بلال آصف اور لیفٹ آرم اسپنر کاشف بھٹی کو طلب کر لیا گیا ہے۔شاداب خان محدود اوورز کی کرکٹ میں تو بہت کارگر رہے ہیں لیکن ٹیسٹ کرکٹ میں وہ کچھ متاثر کن آغاز نہ کر سکے اور اب تک بارباڈوس میں کھیلے گئے اپنے واحد ٹیسٹ میچ میں صرف وکٹ لے سکے تھے۔مئی 2016ء میں مکی آرتھر کے ہیڈ کوچ بننے کے بعد یاسر شاہ نے قومی ٹیم کے 17میں سے 16ٹیسٹ میچوں میں شرکت کی اور 89وکٹیں حاصل کیں۔2016ء میں لارڈز کے مقام پر پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دی تو اس کا مرکزی کردار بھی یاسر شاہ ہی تھے جنہوں نے 10وکٹوں کی فتح گر کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔وہ پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹوں کی تیز ترین سنچری کے ساتھ ساتھ کم ترین ٹیسٹ میچوں میں 150وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔پاکستان رواں سال 11 سے 15مئی تک ڈبلن میں آئرلینڈ سے ٹیسٹ میچ کھیلے گا جو میزبان ٹیم کا پہلا ٹیسٹ میچ ہو گا جس کے بعد قومی ٹیم دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ جائے گی۔