اسلام آباد(این این آئی) دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہاہے کہ پاکستان کو سفارتی سطح پر بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے اور پاکستان کے اعتراض پر ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے اعلامیے سے دہشت گردوں کی فہرست کو نکال دیا گیا ہے۔ہفتہ وار بریفنٰگ کے دوران ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کو سفارتی محاذ پربڑی کامیابی حاصل ہوئی ٗہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں دہشتگردوں کی پیش کردہ فہرست پرپاکستان نے اعتراض لگایا جس پر دہشت گردوں کی فہرست کو نکال دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق امرتسر اجلاس میں دہشت گرد تنظیموں کی فہرست اعلامیہ کا حصہ بنائی گئی، پاکستان نے مثبت سوچ کے ساتھ اس فہرست کو اعلامیہ کا حصہ بننے دیا لیکن بھارت نے یہ فہرست پاکستان کے خلاف پروپیگنڈے کے لیے استعمال کی، بھارت نے اس فہرست کو پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے استعمال کیا اور اسے بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا۔ترجمان نے پاکستان پر امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف گراں قدر قربانیاں دیں اور دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی۔ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کی قومی سلامتی پالیسی میں الزامات کو مسترد کرتا ہے۔