خانپور(مانیٹرنگ ڈیسک) خانپور میں برات پر ڈالر ، ریال اور موبائل فون کی بارش کرنے والے پرچون فروش نکلے جو نئی و پرانی بوریاں سینے اور بیچنے کا کاروبار کرتے ہیں،ایف بی آر نے واقعے کا نوٹس لے کر تحقیقات شروع کردیں۔تفصیلات کے مطابق خانپور میں بارات
میں ڈالر ، موبائل فون اور ریال لٹانے والے پرچون فروش نکلے اور نئی و پرانی بوریاں سینے اور بیچنے کا کاروبار کرتے ہیں۔ دریا دلی کرنے والے ارشد قریشی کا تعلق قریشی خاندان سے ہے، دولہا کے چچا کا کہنا ہے کہ براتیوں پر پیسہ لٹانا قریشوں کی روایت ہے جب کہ دولہا کے بھائی کا کہنا ہے کہ وہ ٹیکس ادا کرتے ہیں۔ بارات میں ایک ڈالر کے پانچ سو نوٹ اور ایک ریال کے بھی پانچ سو نوٹ پھینکے گئے، جبکہ دو ہزار والے ڈبہ پیک موبائل فون بھی لٹائے گئے۔دوسری جانب فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے رحیم یار خان میں شادی کی تقریب کے دوران باراتیوں کی جانب سے ڈالر ‘ ریال اڑائے جانے کا نوٹس لیتے ہوئے دولہے اور دلہن کے اہل خانہ کے مالی وسائل سے متعلق تحقیقات شروع کر دیں۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق باراتیوں کے امریکی ڈالرز، سعودی ریال اور موبائل فونز لْٹانے پر نوٹس لیا گیا۔ ایف بی آر نے دلہا اور دلہن کے مالی وسائل سے متعلق تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ایف بی آر ذرائع نے بتایا کہ دلہا دلہن اور ان کے اہل خانہ کے مالی وسائل کا جائزہ لے کر اس سے متعلق تحقیقات کی جائیں گی۔