د بئی(مانیٹرنگ ڈیسک)آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین سید پرویز مشرف نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں فوری انتخابات اور مارشل لاء کے امکانات بہت کم ، قومی حکومت قائم ہوسکتی ہے،سیاستدانوں کی بجائے ٹیکنو کریٹس کی قومی حکومت ملکی مفاد میں ہوگی،پاکستان میں نسلی بنیادوں پر سیاست ہورہی ہے جو ملک کیلئے نقصان دہ ہے، ہم نے قومی سطح کی سیاسی جماعت متعارف کروانی ہے،کراچی میں بڑا خلا ہے ہم اتحاد بنا کر یہ خلاپرکریں گے،
ملک بھر میں ریجنز اور اضلاع کی سطح پر بڑے جلسے منعقد کئے جائیں۔وہ جمعرات کو د بئی کے ایک مقامی ہوٹل میں آل پاکستان مسلم لیگ کے نومنتخب عہدیداران اور مرکزی مجلس عاملہ کے اراکین سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں سے تین قسم کی صورتحال جنم لے سکتی ہے۔ ایک یہ کہ موجودہ حکومت کو تحلیل کر کے نئے انتخابات کروائے جائیں، دوسرے قومی حکومت تشکیل دی جائے اورتیسری صورتحال مارشل لاء کے نفاذ کی ہے جو کہ ممکن نہیں۔ فوری انتخابات اور مارشل لاء کے امکانات بہت کم ہیں تا ہم قومی حکومت قائم ہوسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی حکومت اگر سیاسی جماعتوں کو ملا کر بنائی جاتی ہے تو اس کا کوئی فائدہ نہیں البتہ اگر یہ ٹیکنوکریٹس پر مشتمل ہوتی ہے تو یہ ملک کے لئے فائدہ مند ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نسلی بنیادوں پر سیاست ہو رہی ہے جو کہ انتہائی خطرناک ہے۔ ہمیں قومی سطح کی ایک ایسی جماعت متعارف کروانی ہے جو نسل،زبان اور علاقائیت وغیرہ سے بالاترہو۔اس مقصد کے لئے کراچی ایک بہترین جگہ ہے جہاں پر پاکستان کی تمام نسلوں سے تعلق رکھنے والے لوگ رہتے ہیں۔کراچی میں ایک بہت بڑا خلاپیدا ہوچکا ہے جسے ہم سیاسی اتحاد قائم کر کے پر کریں گے۔انہوں نے اے پی ایم ایل کے ہوئے انٹرا پارٹی انتخابات کے انعقاد پر اطمنان کا اظہار کیا اور نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے پارٹی کے تمام عہدیداران اور کارکنان کو ہدایت کی کہ چین آف کمانڈ کی پیروی کریں ۔انہوں نے تمام ریجنز اور اضلاع میں بڑے عوامی جلسے کرنے کی بھی ہدایت کی۔