اسلام آباد ( آئی این پی ) طویل عرصے بعد امریکی اور پاکستانی حکام کے درمیان کوئی ون ٹو ون ملاقات نہ ہوئی ، امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن اور پاکستانی سیاسی و عسکری حکام کے درمیان مشترکہ ملاقات ہوئی جس میں سول و عسکری قیادت نے یکساں موقف اپنایا ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور امریکہ کے حکام کے درمیان طویل
عرصے سے عسکری اور سیاسی قیادت سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں کی روایت چلی آرہی تھی تاہم گزشتہ روز امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن کے دورہ پاکستان کے موقع پر یہ روایت ٹوٹ گئی اور طویل عرصہ بعد امریکی حکام وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر حکام سے ون ٹو ون ملاقات نہ کرسکے بلکہ پاکستانی سیاسی و عسکری قیادت اور امریکی وفد کے درمیان ایک ہی مشترکہ ملاقات ہوئی اور اس میں پاکستانی عسکری و سیاسی قیادت نے مشترکہ موقف اپنایا ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی زیرصدارت اجلاس میں یہ فیصلہ ہوا تھا کہ امریکی وزیر خارجہ کے دورہ کے موقع پر مشترکہ ملاقات ہو گی اور ایسا ہی ہوا ۔ اس دوران سب نے ایک ہی میز پر بیٹھ کر اپنا اپنا موقف بیان کیا ۔ جبکہ ملاقات کے بعد امریکی اور پاکستانی وزیر خارجہ کے درمیان کوئی مشترکہ پریس کانفرنس بھی نہ کی ۔