کراچی(نیوزڈیسک)کراچی میں فائرنگ کے ایک واقعے میں نجی میڈیکل یونیورسٹی کی وائس پرنسپل زخمی ہوگئی ہیں جبکہ ایک نامعلوم گروپ نے اس کو پانچ ساتھیوں کے قتل کا رد عمل قرار دیا ہے۔ایس ایس پی پیر محمد شاہ کا کہنا ہے ڈیبرا لوبو جناح میڈیکل ڈینٹل یونیورسٹی سے گھر جا رہی تھیں کہ شہید ملت روڈ پر دو موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے ان کا پیچھا کرکے فائرنگ کی، جس سے وہ زخمی ہوگئی ہیں۔ انھیں پہلے مقامی اور بعد میں آغا خان ہپستال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔پولیس کے مطابق 55 سالہ امریکی نڑاد ڈیبرا لوبو، جناح ڈینٹل یونیورسٹی کے اسٹوڈنٹس افیئر کے شعبے کی وائس پرنسپل ہیں، ان کی مقامی پاکستانی سے شادی ہوئی تھی اور گزشتہ کئی سالوں سے یہاں مقیم ہیں۔دوسری جانب جائے وقوع سے پولیس کو اردو اور انگریزی میں پفلیٹ بھی ملے ہیں، جس میں اس کارروائی کو کیماڑی میں پانچ ’مجاہدین‘ کی ہلاکت کا رد عمل قرار دیا گیا ہے۔