اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چینی صدر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شریک ہوئے تو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ضرور شرکت کریں گے اور کراچی کے ضمنی انتخاب این اے 246 میں اصل مقابلہ تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کا ہے جبکہ جماعت اسلامی اگر اپنا امیدوار پی ٹی آئی کے حق میں بٹھا دیتی ہے تو اس سے تحریک انصاف کو تقویت ملے گی جمعرات کے روز تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کا بہترین اور حقیقی دوست ملک ہے اور چینی صدر اپنے دورہ پاکستان کے دوران مشترکہ اجلاس میں شریک ہوئے تو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان بھی پارلیمنٹ کے اجلاس میں ضرور شرکت کریں گے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں ضمنی انتخاب میں اصل مقابلہ تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے درمیان ہے جبکہ جماعت اسلامی اپنے امیدوار کو تحریک انصاف کے حق میں بٹھا دیتی ہے تو اس اقدام سے تحریک انصاف کو تقویت ملے گی کراچی کے عوام تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے درمیان مقابلہ دیکھنا چاہتی ہے ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یمن کا مسئلہ سیاسی ہے اور حل بھی سیاسی نکالا جائے جبکہ پاکستان کو یمن کے مسئلے پر فریق نہیں ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہئے ۔ یمن میں جنگ بندی کو مسلم امہ سمیت اقوام متحدہ کو بھی کردار ادا کرنا چاہئے انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف ایک عوامی مقبول پارٹی ہے اور پارٹی کے دروازے ہر اچھے آدمی کے لئے کھلے ہیں ۔