اسلام آباد(نیوز ڈیسک)اوگرا نے دعوی کیا ہے کہ پانچ سال میں گیس چوری اور نقصانات کی مد میں مقررہ حد سے زائد کا بوجھ صارفین پر نہیں ڈالا گیا بلکہ صارفین کو 65ارب روپے کا ریلیف دیا گیا۔اوگرا کی رپورٹ کے مطابق گیس کمپنیوں سوئی ناردرن اور سوئی سدرن میں چوری اور نقصانات کی مد میں ضائع ہونے والی گیس کے اہداف مقرر کیے گئے اور اس حد سے زیادہ گیس چوری اور نقصانات کا بوجھ صارفین پر منتقل نہ کرکے 2010-11میں دونوں گیس کمپنیوں کے صارفین کو 9ارب 64کروڑ روپے کا ریلیف دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق 2011-12میں گیس صارفین کو 10ارب 73کروڑ روپے کا ریلیف دیا گیا ، 2012-13میں 16ارب 58کروڑ روپے ، 2013-14میں 14ارب 53کروڑ روپے اور رواں مالی سال کے دوران 13ارب 77کروڑ روپے کا ریلیف شامل ہے۔