اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا کی تاریخ کا دوسرا بدترین دن گزر گیا، تفصیلات کے مطابق 9 اگست 1945ء کو جاپان کے جنوب مغربی شہر ناگاساکی پر امریکا کی طرف سے ایٹم بم گرایا گیا اس طرح اس افسوسناک واقعہ کو ہوئے 72 برس بیت چکے ہیں۔ جاپان کے اس شہر میں مقامی وقت کے مطابق 11 بج کر 2 منٹ پر ہزاروں افراد نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرکے امریکہ کی جانب سے کیے جانے والے اس افسوس ناک حملے کی یاد تازہ کی
اور ہلاک شدگان کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔ امریکہ کی طرف سے 9 اگست 1945 ء کو اسی وقت ناگاساکی پر ایٹم بم گرایا گیا تھا۔ اس ایٹمی حملے میں 74,000 افراد کی ہلاکت ہوئی تھی جب کہ اس واقعے سے 3 دن قبل امریکا نے جاپان ہی کے ایک شہر ہیروشیما پر دنیا کی تاریخ کا پہلا ایٹم بم گرایا تھا۔ اس تقریب میں جاپانی وزیراعظم اور ناگاساکی کی میئر نے بھی شرکت کی اس موقع پر اس بم حملے میں بچ جانے والے چند افراد بھی موجود تھے۔