اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)کوئی رکن بھی واپس نہیں گیا، رپورٹ دینے کے بعد جے آئی ٹی کے ارکان اب کیا کر رہے ہیں؟ تفصیلات کے مطابق پاناما کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا ایڈیشنل ڈائریکٹر واجد ضیاء کی سربراہی میں آج اجلاس ہوا، اس اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم سپریم کورٹ کے حکم پر ہی ختم ہو گی، ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی کی طرف سے پاناما رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع ہونے کے بعد بھی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے اجلاسوں کا تسلسل جاری ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاناما کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بیرون ملک سے بعض خطوط کے جوابات آنے کی اب بھی منتظر ہیں۔17 جولائی کو بھی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے ارکان سپریم کورٹ جائیں گے۔ ذرائع نے مزید انکشاف کیا کہ جے آئی ٹی کے کسی رکن نے اپنے آفس میں ابھی تک رپورٹ نہیں کیا۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹاسک مکمل ہونے پرجے آئی ٹی اب اپنا کام سمیٹ رہی ہے اور اس کے علاوہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم پاناما پر مزیدکوئی تحقیقات نہیں کر رہی۔