اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت نے قومی ترانے کی دھن کو نئے آرکسٹرا پر ترتیب دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کو ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔یہ فیصلہ گزشتہ روز ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدرات وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کی۔ اجلاس میں پاکستان کی 70 ویں سالگرہ منانے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں قومی ترانے کی دھن کو مختلف آرکسٹرا پر نئے انداز سے ترتیب دینے کا فیصلہ کیا گیا جس میں پاکستان کے تمام صوبوں کی روایتی آلات موسیقی کی دھن کو شامل کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ قومی ترانے کی دھن احمد جی چھاگلہ نے ترتیب دی جبکہ ترانے کے بول حفیظ جالندھری نے تخلیق کیے تھے۔اس موقع پر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 14 اگست کا دن نہ صرف آزادی کی اہمیت کو واضح کرتا ہے بلکہ اس جدوجہد اور قربانیوں کی یاد بھی دلاتا ہے جو ہمارے آباؤ اجداد نے آزاد وطن کے حصول کے لیے کیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کو نہایت شاندار انداز سے منا کر اسے ایک تاریخی موقع بنا دیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے تمام متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی کہ اس موقع پر فن، ثقافت اور تاریخ کے ذریعے پاکستان کی تمام متنوع ثقافتی روایات کو اجاگر کیا جائے۔اس ضمن میں انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن کو بھی تخلیقی اشتہارات پیش کرنے کی ہدایت کی جس سے اس دن کی اہمیت کو زیادہ سے زیادہ واضح کیا جا سکے۔