نئی دہلی /پیرس(آئی این پی) جدید طیارے بنانے والی امریکی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن نے بھارت میں ٹاٹا ایڈوانسڈ سسٹمز لمیٹڈ کے ساتھ مشترکہ طور پر جدید ایف سولہ فائٹر طیاروں کی تیاری پر آمادگی ظاہر کردی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں کمپنیوں کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مشترکہ طور پر تیار کیے جانے والے بلاک 70 کے یہ طیارے سب سے نئے اور ٹیکنالوجی کے لحاظ سے سب سے جدید ایف 16 طیارے ہیں۔
پیرس ایئر شو کے پہلے دن جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ ایف سولہ بلاک 70 بھارتی فضائیہ کی ایک انجن والے جنگی طیاروں کی ضرورت کے لحاظ سے سب سے بہترین ہیں اور امریکا ۔ بھارت کی اس صنعتی شراکت سے بھارت کی نجی ایرواسپیس اور دفاعی مینوفیکچرنگ صلاحیت کو براہ راست مدد ملے گی۔بھارتی فضائیہ ایف سولہ طیارے استعمال نہیں کرتی، تاہم صنعتی ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی ساختہ طیارے کی مقامی طور پر تیاری لاک ہیڈ مارٹن کے لیے اس کے حریفوں کے خلاف بڑی کامیابی ہوگی، جس میں فرانسیسی کمپنی ڈازالٹز رافالے بھی شامل ہے۔بھارت نے 2016 میں تقریبا 8.9 ارب ڈالرز میں 36 رافالے جنگی طیارے خریدے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی گزشتہ کچھ عرصے سے بھارت کی جانب سے مہنگے دفاعی ساز و سامان کی درآمد پر انحصار کو کم کرنے اور مقامی طور پر ان کی تیاری پر زور دیتے آرہے ہیں۔ایف سولہ طیارے 1978 سے تیار کیے جارہے ہیں اور لاک ہیڈ مارٹن اب تک اس کے 4 ہزار 500 یونٹس تیار کرچکی ہے، جن میں سے 3 ہزار 200 اب بھی زیر استعمال ہیں۔