کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس نے بیمار شیر کو اسپتال پہنچانے کے بجائے تھانے پہنچا دیا۔ مالک حوالات میں بیٹھا دہائی دیتا رہا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب ایک گاڑی میں شیر کو دیکھے جانے کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ کراچی کے علاقے کریم آباد میں دیکھے جانے والے اس شیر کی خبر جیسے ہی وزیر داخلہ سندھ تک پہنچی انہوں نے شیر اور مالک کو پکڑنے کا حکم دے ڈالا۔پولیس مجرموں کے بجائے شہر بھر میں شیر تلاش کرنے لگی
اور جیسے ہی شیر والی گاڑی نظر آئی شیر اور مالک کو جا دبوچا۔شیر کے مالک محمد ثقلین نے پولیس کو بتایا کہ شیر بیمار ہے اور وہ اسے فیڈرل بی ایریا سے ڈاکٹر کے پاس ڈیفنس سوسائٹی لے جا رہا تھا۔شہری کے مطابق اس کے پاس شیر پالنے کا پرمٹ بھی موجود ہے لیکن پولیس نے ایک نہ سنی، مالک اور شیر کو تھانے پہنچا کر ہی دم لیا۔تاہم حوالات میں پہنچ کر شیر نے اپنے پیٹ کے خراب ہونے کا ثبوت دیا تو پولیس کو شیر اور اس کے مالک کو چھوڑنا ہی پڑا۔