اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین سمیت اعلیٰ عہدوں کے لیے انٹرا پارٹی الیکشن کا میدان سج گیا ہے جس میں عمران خان کے انصاف پینل اور نیک محمد کے احتساب پینل کے درمیان معرکہ جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے پارٹی الیکشن کمیشن کے زیر انتظام انٹرا پارٹی الیکشن جا ری ہے جس میں چیئرمین شپ کے لیے عمران خان اور نیک محمد کے درمیان مقابلے کے لیے پولنگ کا سلسلہ جاری ہے جہاں کارکنان کل رات بارہ بجے تک اپنے امیدوار کے حق میں ووٹ کاسٹ کرسکیں گے۔
اس حوالے سے تحریک انصاف کے پارٹی الیکشن کمیشن نے چند روز قبل دو پینلز کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا جس کے مطابق چیئرمین کے لئے عمران خان کا مقابلہ نیک محمد خان سے ہوگا جب کہ وائس چیئرمین کے لئے شاہ محمودقریشی کا مقابلہ سید آفتاب شاہ سے ہو گا۔اسی طرح سیکرٹری جنرل کے عہدے پر جہانگیر ترین اور ڈاکٹر شہزاد وسیم مدمقابل ہوں گے اور دیگر 11 گیارہ عہدوں پر بھی انتخابات 11 اور 12 جون کو ہون گے جس میں دو پینلز سے 14 ، 14 ارکان حصہ لیں گے۔خیال رہے اس سے قبل ہونے والے انٹرا پارٹی انتخابات میں عمران خان بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہوئے تھے تاہم اس بار تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن میں چیئرمین کے عہدے کے لیے مخالف پینل بھی موجود ہے۔تحریک انصاف کے پارٹی الیکشن کمیشن کا انٹرا پارٹی کے شیڈول کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے جس کے تحت الیکشن میں حصہ لینے والے پینلز کا اعلان آج ہو گیا ہے جب کہ ووٹنگ 11 اور 12 جون کو کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اعلان کردہ پینلز پراعتراض اٹھانے کی ڈیڈ لائن 7 جون مقررکی گئی ہے جب کہ انتخابی مہم چلانے کی آخری تاریخ 9 جون کو ہو گی اور انتخابی نتائج کا اعلان 12 جون کو کیا جائے گا۔