ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) عرب اتحاد نے قطر کا بائیکاٹ کر دیا ، سعودی عرب ، بحرین ، مصر اور متحدہ عرب امارات کے بعد اب یمن نے بھی دہشت گردوں کی مدد اور خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کا الزام لگا کر قطر سے سفارتی تعلقات ختم کردیے ، امریکا نے خلیجی ریاستوں سے متحد رہنے کی اپیل کی ہے۔تفصیلات کے مطابق خلیجی ممالک کے درمیان کشیدگی بڑھنے لگی ،
پانچ ممالک سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، بحرین ، مصر اور یمن نے خطے کو غیرمستحکم کرنے کا الزام لگا کر قطر سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کردیا۔سعودی میڈیا کے مطابق ریاض نے قومی سلامتی کے پیش نظر دہشت گردی اور انتہا پسندی سے بچنے کےلیے سفارتی تعلقات منقطع کئے اور قطر کے ساتھ اپنے زمینی ، آبی اور ہوائی راستے بھی بند کر دیئے ، بحرین نے دو حہ کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات منقطع کرتے ہوئے الزام لگایا کہ دوحہ ان کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کر رہا ہے۔مصر نے قومی سلامتی کے تحت قطری جہاز اور طیاروں کے لیے اپنی بندرگاہ اور ائیرپورٹس بند کردیئے ، متحدہ عرب امارات نے قطری شہریوں کو 14 روز میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے ، یو اے ای کا کہنا ہے کہ قطر نے علاقائی سیکورٹی کو عدم استحکام سے دوچار کیا۔یمن نے بھی قطر سے اپنے سفارتی تعلقات ختم کرتے ہوئے کہا کہ قطر کو اسلامی اتحاد سے نکالے جانے کی حمایت کرتے ہیں ، ادھر قطر ی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ سفارتی تعلقات منقطع کرنا عرب ممالک کاغیر منصفانہ فیصلہ ہے ، جس پر افسوس ہے ، امریکی وزارت خارجہ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ خلیجی ریاستیں متحد رہیں اور آپس کے اختلافات ختم کریں۔