اسلام آباد (آن لائن) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اگلے عام انتخابات میں دھاندلی کے امکانات کو ختم اور الیکشن کی ساکھ بچانے کیلئے وزارت خزانہ سے 15ارب 63کروڑ روپے مانگ لئے ہیں، الیکشن کمشن نے وزارت خزانہ کو بھجوائے جانے والے مطالبات زر میں یہ استدلال ظاہر کیا ہے کہ اگلے انتخابات میں دھاندلی روکنے کیلئے فول پروف انتظامات کرنے ہیں جس کیلئے ہمیں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق کمشن نے اگلے عام انتخابات پر اخراجات کا تخمینہ8 ارب روپے لگایا ہے جبکہ 2013کے عام انتخابات پر 5 ارب روپے کے اخراجات آئے تھے۔ ذرائع کے مطابق اگلے عام انتخابات میں دھاندلی کی روک تھام کیلئے20ہزار کے قریب حساس پولنگ سٹیشنوں پرسی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے اسی طرح الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور بائیو میٹرک ویریفیکیشن مشینوں کی خریداری اور تجرباتی بنیادوں پر استعمال کیلئے 1ارب 30کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔