دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک)پی سی بی کی ایگزیکٹوکمیٹی اورپاکستان سپر لیگ کے چیئر مین نجم سیٹھی نے کہاہے کہ کوئی پاکستانی کھلاڑی اگر مشکوک حرکات کرتا پایا گیا تو اس کے خلاف سخت ترین ایکشن لیا جائے گا ۔دبئی میں میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہاہے کہ گزشتہ روز ہمیں اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے اطلاع ملی کہ شرجیل خان اور خالد لطیف نے دبئی میں مشکوک شخص سے ملاقات کی ہے جس پر ہم نے فوری طور پر ایکشن لیتے ہوئے انہیں معطل کرکے وطن واپس روانہ کردیا ہے۔
پاکستان سپرلیگ کے چیرمین نے مزیدکہاکہ بورڈکی فکسنگ کے اوپر زیرو ٹالیرنس کی پالیسی اپنا رکھی ہےاور اگر کسی بھی کھلاڑی پر ذراسا بھی شبہ ہوا تو اس کیخلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی ۔نجم سیٹھی کے مطابق اب ہم آئی سی سی قوانین کے مطابق کارروائی کریں گے اور دونوں کھلاڑیوں کو صفائی کا موقع فراہم کیا جائے گا تاہم اگر وہ دونوں مجرم نکلے تو ان کاانٹر نیشنل کیریئر خطرے سے دوچار ہوجائے گا ۔ نجم سیٹھی نے کہاکہ دونوں کھلاڑیوں کوان کی صفائی کامکمل موقع فراہم کیاجائے گااورانصاف کے تمام ترتقاضے پورے کئے جائیں گے ۔