اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) نجی ٹی وی چینل ’’دنیا نیوز‘‘ کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ نگار کامران خان نے کہا ہے کہ پاکستان جب سے امریکہ کے حلیف کے طور پر کام کر رہا ہے تب سے امریکہ کا یہ کہنا ہے کہ پاکستان میں امریکی سی آئی اے کا سب سے بڑا سٹیشن کام کر رہا ہے۔ کامران خان نے کہا کہ تازہ ترین اطلاعات سامنے آئی ہیں جس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا بیان ہے کہ پاکستان ان چند ملکوں میں شامل ہے جہاں کچھ ہفتوںپہلے تک ٹیکٹیکل سیکورٹی آپریشن سینٹرز کام کر رہے تھے۔
ٹیکٹیکل سیکورٹی آپریشن سینٹرز کی پاکستان میں موجودگی کی اس سے پہلے کوئی معلومات سامنے نہیں آئی تھی۔امریکی سیکورٹی فورسز اور امریکی ایجٹس کی پاکستان میں بھرپور موجودگی تھی اور وہ بھر طرح سے کام کرتے تھے۔ انہی آپریشنز میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ امریکہ کے خفیہ ایجنٹس پاکستان کی سڑکوں پر براہ راست بھی کارروائی کرتے ہیں۔ ریمنڈ ڈیوس کے واقعے کے بعد سے حالات میں تبدیلی آئی ہے۔ اب امریکہ اور پاکستان کے سیکورٹی تعلقات زائل اور تحلیل ہوتے نظر آ رہے ہیں۔