سام سنگ کی طرف سے پہلی دفعہ گلیکسی S5 میں فون کے اندرونی سرکٹ اور دیگر آلات کو واٹر پروف بنانے کا فیچر متعارف کروایا گیا اور اب ایپل نے واٹر پروف فیچر کے قانونی حقوق حاصل کرلئے ہیں اور ٹیکنالوجی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایپل کی نئی پیشکش آئی فون 7 واٹر پروف ہوگا۔
ایپل اس فون کے اندرونی حصے کو واٹر پروف بنائے گا اور اگرچہ باہری کور میں پانی داخل ہوبھی جائے تو اندرونی آلات نمی سے محفوظ رہیں گے۔ فون کے اندرونی حصے کو ایک باریک پرت سے محفوظ کیا جائے گا جو نمی کو اندر داخل نہیں ہونے دے گا۔ اس باریک پرتھ کو پلازما اسسٹڈ کیمیکل ویپر ڈیپوزیشن (PACVD) ٹیکنالوجی کے ذریعے تیار کیا جائے گا جو کہ فون کے اندرونی حصے کو گیس، بخارات اور مائعات سے محفوظ رکھے گی۔ واضح رہے کہ سام سنگ کے تازہ ترین ماڈلز S6 اور S6 ایج میں واٹر پروف فیچر موجود نہیں ہے لیکن ایپل اپنے آئی فون 7 میں یہ فیچر متعارف کروانے کا عندیہ دے چکا ہے۔