روس( نیوز ڈیسک) روس میں انسان بردار اور پائلٹ والے خلائی جہازوں کو چاند پر بھیجنے کا منصوبہ زیر غور ہے۔ روس کی قومی خلائی ایجنسی ”رشیا کاسموس“ کے مطابق ایسے خلائی جہازوں کو 2030ء کے لگ بھگ چاند کے مدار میں پہنچانے کا منصوبہ زیر غور ہے۔ اس منصوبے کی ابتدا میں بغیر پائلٹ کی خلائی گاڑیاں چاند کے مدار میں روانہ کی جائیں گی جبکہ ان میں سے چند ایک کو چاند کی سطح پر اتارنے کا تجربہ بھی کیا جائے گا۔ اس کے بعد انسان بردار اور پائلٹ والے خلائی جہاز چاند پر بھیجے جائیں گے۔ یاد رہے کہ روس امریکہ اور یورپی یونین کے علاوہ تیسرا ملک ہے جو خلائی تحقیق اور ٹیکنالوجی کے میدان میں سرگرم عمل ہے۔