کویت سٹی (نیوزڈیسک) کویت میں تارکین وطن پر ایک اورپابندی عائد کرنے کا فیصلہ،اعلان کردیاگیا،فضائی سفر پر روانہ ہونے والے دوستوں و عزیزوں کو ائیرپورٹ کے اندر تک جاکر الوداع کہنا عام ہے، لیکن کویت میں اب جانے والوں کو بہت دور سے ہی الوداع کہنا ہو گا۔ عرب ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق کویت انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ نے اپنے نئے ڈائریکٹر بریگیڈیئر ولید الصالح کی تعیناتی کے ساتھ ہی اعلان کردیا ہے کہ اب غیر ملکی افراد ائیرپورٹ کے اندر جاکر اپنے رخصت ہونے والے عزیز و اقارب کو الوداع نہیں کہہ سکیں گے۔
غیر ملکیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے کہ وہ سفر پر روانہ ہونے والے عزیزوں کو مین گیٹ پر ہی الوداع کہیں گے۔ رپورٹ کے مطابق بریگیڈیئر الصالح نے متعدد سکیورٹی اقدامات کے لئے ہدایات جاری کی ہیں۔ ان میں سے متعدد اقدامات کا نفاذ فرسٹ فلور پر واقع داخلی دروازے سے ہی شروع ہوگا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ائیرپورٹ کے اندر ہر روز ایک ہجوم جمع ہوتا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ غیر ملکیوں کو قرار دیا گیا ہے کیونکہ ایک غیر ملکی شخص کو رخصت کرنے کے لئے تقریباً 10افراد اس کے ساتھ آتے ہیں۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ متعدد غیر ملکی دیگر مقاصد کے لئے بھی ائیرپورٹ کے اندر آتے ہیں، جیسا کہ رخصت ہونے والوں کے حوالے بیگ وغیرہ کئے جاتے ہیں، جو یہ مسافر دوسرے ملک پہنچ کر وہاں منتظر افراد کے حوالے کرتے ہیں۔ انہی وجوہات کی بنا پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ غیر ملکیوں کے لئے روانگی ایریا میں داخلہ ممنوع ہوگا۔وہ اس ایریا میں صرف اسی صورت میں آسکتے ہیں کہ خود سفر کررہے ہوں۔