اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) تازہ ترین میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں قانون نافذ کرنے والے ادارےنے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما مشتاق بھٹو کو حراست میں لے لیا ہے ۔مشتاق بھٹو شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے کزن بھی ہیں۔ذرائع کے مطابق گلستان جوہر چورنگی کے قریب واقع رہائشی عمارت میں گزشتہ شام قانون نافذ کرنے والے ادارے نے کارروائی کی ،اس کارروائی میں سادہ لباس اہلکاروں نے مشتاق بھٹو کو حراست میں لیکر تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔پولیس زرائع کے مطابق مشتاق بھٹو کو کرپشن سمیت دیگر معاملات پر تفتیش کے لئے حراست میں لیا گیا ہے۔ واقعے کے خلاف مشتاق بھٹو کے اہلخانہ شہراہ فیصل تھانے میں درخواست جمع کرادی ہے۔مشتاق بھٹو کا پیپلز پارٹی کےسینئر رہنمائو ں میں شمار ہوتا ہے، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے وہ ایڈوائزر بھی رہ چکے ہیں،لندن میں میثاق جمہوریت کے وقت وہ محترمہ کے ہمراہ تھے جبکہ وہ بے نظیر بھٹو کے کزن بھی ہیں۔ ذرائع ابھی تک گرفتاری کی وجہ بتانے سے قاصر ہیں۔