اسلام آباد ( آئی این پی) چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے کہا ہے کہ چین پاکستان چین اقتصادی راہداری کے ذریعے ایران کے ساتھ باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے، راہداری منصوبہ میں ایران کی شمولیت چین اور ایران کے لئے فائدہ مند ہو گی۔ایرانی خبررساں ادارے سے خصوصی انٹرویو میں چینی سفیر نے کہا کہ چین کے ایران کے ساتھ باہمی تعلقات بہترین ہیں ، ہم سجھتے ہیں کہ ایران بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے میں اہم ملک ثابت ہو سکتا ہے اس لئے ہم ایران کے ساتھ باہمی تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ سی پیک فائدہ والا منصوبہ ہے اس لئے تمام علاقائی ممالک کے ساتھ باہمی تعاون کو فروغ دینے کے مواقع تلاش کر رہے ہیں۔ سی پیک مستقبل میں ایران سے چین کے لئے توانائی کی تجارت کا ذریعہ بن سکتا ہے اور ہم ایسے مواقع تلاش کر سکتے ہیں۔ سی پیک فریم ورک کے تحت پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے ، اس وقت16بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے جن پر چین 13ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر چکا ہے۔ سی پیک کے ذریعے پاکستان میں روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا کئے جا چکے ہیں‘ مستقبل میں اس کے ذریعے پاکستانی عوام کو مزید فائدے پہنچائے جاسکتے ہیں۔واضح رہے کہ ایرانی صدر حسن روحانی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کی سائیڈ لائنز پر گزشتہ ماہ وزیراعظم نوازشریف کے ساتھ ملاقات میں سی پیک کا حصہ بننے کی خواہش کا اظہار کیا تھا جسے پاکستان کی جانب سے مثبت اقدام قراردیا گیا تھا۔ چینی سفیر نے کہا کہ چین اقتصادی راہداری کے ذریعے ایران سے بھی تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔ ایران بھی اقتصادی راہداری میں شامل ہو جائے تو یہ دونوں ملکوں کیلئے فائدہ مند ہوگا۔ سی پیک کے ذریعے خطے کے تمام ممالک سے تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق بھارتی ارمانوں کیخلاف چین نے ایک اور چھکا لگا دیا اور سی پیک منصوبے میں ایران کو بھی شمولیت کی دعوت دیدی ہے۔چین نے ایران کو اقتصادی راہداری منصوبے میں شامل ہونے کی جو دعوت دی ہے وہ بھارت کیلئے ایک اور جھٹکا ہے۔