کراچی ( این این آئی ) متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) نے جمعہ کو سندھ اسمبلی میں حکومت سندھ سے اپیل کی کہ وہ میئر کراچی وسیم اختر سمیت تمام بے گناہ سیاسی اسیروں کو رہا کر دے اور افہام و تفہیم کی فضاء پیدا کرے ۔ ایم کیو ایم کے رکن رؤف صدیقی نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ سینٹرل جیل میں قیدیوں سے روزانہ معلومات ملتی ہیں اور ملاقاتیں ہوتی ہیں ۔ جیل میں قیدیوں کی مشکلات کو سن کر ہم اپنا غم بھول گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے جرم کیا ہے ، انہیں سزا ملنی چاہئے لیکن بے گناہ سیاسی اسیروں کو رہائی ملنی چاہئے ۔ میں قیدیوں کا ایک خط وزیر اعلیٰ سندھ اور اسپیکر کے نام لایا ہوں تاکہ ان کی داد رسی ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ افہام و تفہیم کی فضاء پید اکی جائے اور کنور نوید جمیل ، وسیم اختر ، شیراز وحید ، قمر منصور جیسے سیاسی اسیروں کو رہا کیا جائے ۔ اسلام کی بنیاد عدل پر ہے اور لوگوں کو انصاف ملنا چاہئے ۔ اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ سیاسی اسیروں کی تعداد سیکڑوں نہیں ہزاروں میں ہے ۔ وہ اپنے مقدمات ختم ہونے کا انتظار کر رہے ہیں ۔ حکومت کو بڑے فیصلے کرنا ہوں گے ۔ اگر حکومت کے بڑے فیصلوں سے سیاسی اسیروں کو فائدہ نہیں پہنچا تو یہ فیصلے ہمارے ووٹ بینک کے لیے متاثر کن نہیں ہوں گے ۔ معاملہ سنجیدہ اور حساس ہے ۔ بے گناہ لوگوں کو چھوڑنے کا سلسلہ تیزی سے شروع ہونا چاہئے ۔ بے گناہ اسیروں کے اہل خانہ کے خدشات اس وقت ختم ہوں گے ، جب سیاسی اسیر رہا ہو کر اپنے گھروں کو پہنچیں گے ۔ اس کے بعد اسپیکر نے اجلاس پیر کی صبح 10 بجے تک ملتوی کر دیا ۔