لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق صدر پرویز مشرف نے کہاہے کہ پاکستانی عوام میں مقبولیت کے حوالہ سے راحیل شریف مجھ سے بہت آگے ہیں وہ اس وقت پاکستان میں سب سے مقبول اور ہر دلعزیز شخصیت ہیں ۔ اس لیے میری رائے اور مشورہ یہی ہے کہ انہیں اپنے عہدے میں توسیع لے کر ملک و قوم کی خدمت کرنی چاہیے۔ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق صدرپرویز مشرف کا کہنا تھا کہ بھارت بلاجواز پاکستان پر الزامات لگا رہا ہے اور اگر جنگ ہوئی تو ذمہ دار بھی بھارت ہی ہو گا ۔ بھارتی وزیر اعظم اپنے بیانات سے بھارت میں پاکستان کے خلاف نفرت میں اضافہ کررہے ہیں اور اس کا یہ رویہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے جو خود بھارت کے حق میں نقصان دہ ثابت ہو گا۔ بھارت پاکستان کا کچھ بھی نہیں بگاڑ سکتا ۔