لاہور(این این آئی ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے مسلم لیگی کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مکمل صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے برداشت کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور 30ستمبر کو ہر حال میں پرامن رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت کی ہدایات کے مطابق شائستگی اوربرداشت کا مظاہرہ کیا جائے اور کسی بھی صورتحال میں اشتعال انگیزعناصر کا جواب نہ دیں۔حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان کی احتجاج اور انتشار کی سیاست کو عوام پہلے ہی مسترد کرچکے ہیں اوردن بدن پی ٹی آئی کی مقبولیت کا گراف نیچے کی طرف جارہا ہے جس کا ثبوت ملک کے طول و عرض میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں عوام کا دو ٹوک فیصلہ مسلم لیگ (ن) کے حق میں ہے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ انشاء اللہ 30ستمبر بھی خیریت سے گزر جائے گا اور میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ترقی و خوشحالی کا سفر جاری و ساری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومتی ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے اورکسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔