ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب بڑی تباہی سے بچ گیا، سعودی عرب کی سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنادیا، داعش کے 17 تخریب کار پکڑے گئے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سعودی عرب وزارت داخلہ حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے داعش سے تعلق رکھنے والے 17 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا، ملزمان مذہبی رہنماؤں، سیکیورٹی فورسز، شہریوں، ضلعی، معاشی اور ملٹری اہداف کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔وزارت داخلہ کے ترجمان منصور ال ترکی نے ریاستی ٹی وی چینل الخبریہ کو بتایا کہ گرفتار ملزمان میں 14 کا تعلق سعودی عرب سے ہے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے، 3 افراد کا تعلق یمن، مصر اور فلسطین سے بتایا جاتا ہے، ٹی وی چینل نے مشتبہ افراد کی تصاویر بھی جاری کی ہیں۔منصور ال ترکی کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں کا گروہ سعودی سرحد سے باہر داعش کو تکنیکی اور میڈیا معاونت فراہم کرتا تھا، ملزمان مشرقی شہر الاحسہ کی مسجد امام الردا، پبلک سیکیورٹی ٹریننگ سینٹر ریاض اور مغربی شہر میں تیل کی پائپ لائنوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ترجمان نے مزید کہا کہ ملزمان ریاض میں وزارت دفاع کے ایک ملازم کی گاڑی میں دھماکا خیز مواد نصب کرنے کی سازش بھی کررہے تھے جبکہ 25 ہزار کلو گرام سے زائد وزن کے بم اور خودکش بیلٹس بھی تیار کررہے تھے۔سیکیورٹی فورسز نے پائپ بم، آتشیں ہتھیار، سائلنسر اور 6 لاکھ ریال (تقریباً ایک لاکھ 60 ہزار ڈالر) نقد رقم بھی تحویل میں لے لی۔