اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) عبدالرشید غازی قتل کیس میں پرویزمشرف کو انٹرپول کے ذریعے پاکستان لانے کے لئے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔شہدا فاونڈیشن کے ترجمان نے بتایا کہ سابق صدر پرویزمشرف کو انٹرپول کے ذریعے وطن واپس لانے کے لئے ٹرائل کورٹ میں درخواست دائرکی جائے گی۔ ہارون الرشید غازی ایڈیشنل اینڈ سیشن جج پرویرالقادر میمن کی عدالت میں درخواست دائر کریں گے۔ عدالت سے استدعا کی جائے گی کہ ملزم کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کرکے پاکستان لانے کےلئے ریڈ وارنٹ جاری کئے جائیں۔ مقدمے کے ٹرائل میں پہلے ہی کافی تاخیر ہوچکی اس لئے پرویزمشرف کی ازخود وطن واپسی کا انتظار نہیں کیا جاسکتا۔ مقدمے کی سماعت ملزم پرویزمشرف کی ازخود وطن واپسی تک ملتوی کرنا انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے۔