لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے بعض رہنماؤں نے عوامی تحریک کے حوالے سے اپنے شدید تحفظات ظاہر کئے ہیں ، قیادت کو مستقبل میں عوامی تحریک کے ساتھ چلنے کے حوالے سے محتاط رہنے کی تجویز بھی دید ی گئی ۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی طرف سے پریس کانفرنس کر کے رائیونڈ مارچ میں شرکت نہ کرنے کے اعلان کے طریق کار پر اپنی ناراضی کا اظہار کیا تھا اور اس کے مختلف پہلوؤں پر بھی غور کیا جارہا تھا ۔اس کے بعد طاہر القادری کی طرف سے اچانک دو ہفتے کیلئے لندن روانگی کے بعد پی ٹی آئی میں عوامی تحریک کے حوالے سے شدید تحفظات پائے جاتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق رہنماؤں نے اپنی قیادت کو تجویز دی ہے کہ مستقبل میں عوامی تحریک کے ساتھ چلنے کے حوالے سے محتاط رہا جائے بلکہ آئندہ کے حوالے سے کسی سیاسی حکمت عملی کو بھی عوامی تحریک سے مشاورت میں نہ لایا جائے ۔