کراچی (این این آئی) انسداد دہشت گردی عدالت نے اشتعال انگیز تقریر کے مقدمات میں خواجہ اظہار الحسن ، وسیم اختر اور رف صدیقی کی ضمانت میں توسیع جب کہ فاروق ستار اور نسرین جلیل سمیت دیگر ملزمان کے ایک مرتبہ پھر وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں اشتعال انگیز تقاریر سے متعلق مقدمات کی سماعت ہوئی تاہم فاضل جج کی غیر حاضری کے باعث مقدمات کی سماعت کسی کارروائی کے بغیر ہی 15 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔عدالت نے آئندہ سماعت تک خواجہ اظہار الحسن ، مئیر وسیم اختر اور روئف صدیقی کی ضمانت میں توسیع کردی جب کہ ڈاکٹر فاروق ستار، نسرین جلیل اور دیگر ملزمان کے دوبارہ وارنٹ گرفتار جاری کردیئے۔واضح رہے کہ 22 اگست سے قبل ایم کیو ایم کے بانی نے پارٹی کے کارکنوں سے خطاب کے دوران ملک کے اداروں کے خلاف اشتعال انگیز باتیں کی تھیں جس پر ان سمیت کئی دیگر پارٹی رہنماں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے تھے۔وارنٹ گرفتاری کی وجہ سے ایم کیو ایم کے کارکنوں میں شدید تشویش پائی جارہی ہے۔